سورہ نباء کی آیات نمبر 1 سے 3 اور غدیر
سورہ نباء کی آیات نمبر 1 سے 3 امیرالمؤمنین علیہ السلام کی شان میں نازل ہونے والی آیات ہیں جن میں آپؑ کی ولایت کو عظیم خبر (نبأ عظیم) قرار دیا گیا ہے اور ایک گروہ نے اس خبر سے باخبر ہونے کے باوجود اس میں اختلاف کیا۔
سورہ نبأ کی آیات 1 تا 3 کو واقعہ غدیر سے متعلق آیات میں سے شمار کیا گیا ہے؛ بعض مآخذ نے اس تعلق کو یوں بیان کیا ہے:[1] علی علیہ السلام اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں، جب آپؑ کی ولایت کا لوگوں کو ابلاغ کیا گیا تو آیہ اکمال نازل ہوئی۔ یہ تاریخ انسانیت کی سب سے اہم خبر (نبأ عظیم) تھی جو سورہ نبأ کی آیات ۱ تا ۳ میں بیان ہوئی ہے:
عَمَّ یَتَسَاءَلُونَ
۱
عَنِ النَّبَإِ الْعَظِیمِ
۲
الَّذِی هُمْ فِیهِ مُخْتَلِفُونَ
۳
؛ یہ لوگ آپس میں کس چیز کے بارے میں سوال کررہے ہیں* بہت بڑی خبر کے بارے میں* جس کے بارے میں ان میں اختلاف ہے
ان آیات کی غدیر میں تفسیر بیان ہوئی کہ علی بن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت ہی وہ عظیم خبر ہے۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے خود اس بارے میں یوں فرمایا ہے: میں وہ نبأ عظیم ہوں جس کے ذریعے اللہ نے غدیر خم کے دن دین کو کامل فرمایا۔ میں وہی ہوں جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ نے فرمایا: «جس کا میں مولا ہوں، پس یہ علی اس کا مولا ہے»۔[2]
یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ: اگر علی بن ابی طالب علیہ السلام نبأ عظیم ہیں تو لوگوں نے ان کے بارے میں اختلاف کیوں کیا؟ اس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ: آپؑ کی ولایت کے بارے میں درحقیقت کوئی اختلاف نہیں تھا، بلکہ حصولِ اقتدار کے لیے اس متفقہ امر کو پسِ پشت ڈال دیا گیا اور اس میں شکوک و شبہات پیدا کیے گئے؛ یعنی علی علیہ السلام کی تسلیم شدہ ولایت کو نظرانداز کر دیا گیا اور صاحبِ ولایت کو الگ کر دیا گیا۔ یہ ایک ایسی عظیم خبر تھی جس کے نتیجے میں دیگر کئی بڑے واقعات رونما ہوئے اور اس کے اختلاف کا دائرہ وسیع اور طولانی ہوتا چلا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس «عظیم خبر» کو قرآن کے تیسویں پارے کے آغاز میں ذکر فرمایا ہے؛ اور یہ عظیم خبر اس قدر سوال برانگیز تھی جیسا کہ قرآن میں بیان ہوا: «وہ کس چیز کے بارے میں باہم سوال کرتے ہیں؟»
امیرالمؤمنین علیہ السلام نے جنگ صفین کے دوران خود «نبأ عظیم» کے مصداق کو واضح فرمایا: جنگ کے دن لشکرِ معاویہ سے ایک شخص میدان میں آیا جو ایک طرف ہتھیاروں میں غرق تھا تو دوسری طرف اس نے اپنے نیزے پر قرآن اٹھا رکھا تھا اور سورہ نبأ کی آیات ۱ تا ۳ تلاوت کر رہا تھا۔ علقمہ کہتے ہیں: میں نے اس کے مقابلے پر جانا چاہا لیکن امیرالمؤمنین علیہ السلام نے فرمایا: اپنی جگہ پر ٹھہرو! اور حضرت خود اس کے مقابلے کے لیے تشریف لے گئے۔ آپؑ نے پہلے اس سے پوچھا: کیا تم نبأ عظیم کو جانتے ہو جس کے بارے میں لوگ اختلاف کر رہے ہیں؟ اس شخص نے کہا: نہیں! حضرت نے فرمایا: خدا کی قسم! میں ہی وہ نبأ عظیم ہوں جس کے بارے میں وہ «اختلاف» کرتے ہیں۔ تم نے «میری ولایت» کے معاملے میں جھگڑا کیا اور اسے قبول کرنے کے بعد میری ولایت سے پھر گئے، اور میری تلوار کے ذریعے نجات پانے کے بعد اپنے ظلم کے باعث ہلاک ہو گئے۔ تم نے غدیر کے دن جان لیا تھا اور قیامت کے دن بھی جان لو گے کہ تم نے کیا کیا ہے۔ اس کے بعد حضرت نے تلوار چلائی اور اس کا سر تن سے جدا کر دیا۔[3]
حوالہ جات
مآخذ
- اسرار غدیر؛ محمد باقر انصاری، تہران: نشر تک، 1384ش۔
- تبلیغ غدیر در سیرہ معصومین علیہم السلام؛ محمد باقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1391ش۔
- چہاردہ قرن با غدیر (اتمام حجتها، بحثهای علمی، مناظرات، میراث مکتوب، شعر و ادب، یادگارها و یادبودها)؛ محمد باقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1379ش۔
- ژرفای غدیر؛ محمد باقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1383ش۔
- الفضائل؛ شاذان بن جبرئیل قمی، قم: منشورات الرضی، 1363ش۔
- مناقب آل ابیطالب؛ محمد بن علی بن شہرآشوب مازندرانی، تحقیق: محمد حسین آشتیانی و سید ہاشم رسولی محلاتی، قم: مؤسسہ انتشارات علامہ، 1379ھ۔
