سورہ مائدہ آیت نمبر 54 اور غدیر
سورہ مائدہ آیت نمبر 54 وہ آیت ہے جو خطبہ غدیر اور امام ہادی علیہ السلام کی زیارت غدیریہ دونوں میں امیرالمؤمنین اور آپ کے اصحاب کی شان میں نازل شدہ مانی گئی ہے۔
خطبہ غدیر میں پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله نے سورہ مائدہ کی آیت 54 کے ایک حصے کا سہارا لیتے ہوئے امیرالمؤمنین کو حق اور باطل کا معیار قرار دیا ہے، اس طرح کہ آپ کا ساتھ دینا ہدایت اور آپ سے دوری گمراہی کے مترادف ہے۔
زیارت غدیریہ میں، امیرالمؤمنین علیہ السلام کی شان میں سورہ مائدہ کی آیت 54 سے امام ہادی علیہ السلام کے استناد سے درج ذیل امور اخذ کیے گئے ہیں: امیرالمؤمنین علیہ السلام اس گروہ کے سالار ہیں جن سے خدا محبت کرتا ہے اور وہ خدا سے محبت کرتے ہیں؛ آپ اور آپ کے یار و مددگار مومنین کے حق میں فروتن اور کافروں کے مقابلے میں سخت ہیں؛ وہ خدا کی راہ میں جہاد کرتے ہیں اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈرتے؛ امیرالمؤمنین علیہ السلام، خدا اور رسول کے بعد، مومنین کے ولی ہیں؛ امیرالمؤمنین کے پیروکار ہی «حزب اللَّه» ہیں اور وہی حقیقی کامیابی حاصل کرنے والے ہیں۔
خطبہ غدیر میں ایک آیت
واقعہ غدیر میں سورہ مائدہ کی آیت 54 کے ایک حصے سے استفادہ کرنے کا انداز یوں بیان ہوا ہے: خطبہ غدیر کے تیسرے مرحلے کے ایک حصے میں، پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله نے ائمہ علیهم السلام کے علم کو بیان کرنے کے بعد، حق و باطل کے معیار کا تعین کرنے اور حق کو قائم کرنے والے اور باطل کو مٹانے والے کی معرفی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:
یُجاهِدُونَ فی سَبیلِ اللَّهِ وَ لا یَخافُونَ لَوْمَةَ لائِمٍ؛ خدا کی راہ میں جہاد کرتے ہیں اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈرتے
منابع میں رسولالله صلی اللہ علیه و آله کا کلام اس طرح نقل ہوا ہے: مَعاشِرَ النّاسِ، لا تَضِلُّوا عَنْهُ وَ لا تَنْفِرُوا مِنْهُ وَ لا تَسْتَنْكِفُوا عَنْ وِلايَتِهِ، فَهُوَ الَّذى يَهْدى اِلَى الْحَقِّ وَ يَعْمَلُ بِهِ وَ يُزْهِقُ الْباطِلَ وَ يَنْهى عَنْهُ وَ لا تَأْخُذُهُ فِى اللَّهِ لَوْمَةُ لائِمٍ؛ اے لوگو! علیؑ سے ہٹ کر کسی دوسرے کی طرف گمراہی اختیار نہ کرو، ان سے منہ نہ پھیرو اور ان کی ولایت سے دستبردار نہ ہو۔ وہی ہیں جو حق کی طرف ہدایت کرتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں، باطل کو مٹاتے ہیں اور اس سے روکتے ہیں، اور اللہ کی راہ میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت انہیں باز نہیں رکھ سکتی۔ [1]
زیارت غدیریہ میں ایک آیت
سورہ مائدہ کی آیت ۵۴ کو زیارت غدیریہ کے متن میں بھی استعمال کیا گیا ہے اور اسے امیرالمؤمنین اور آپ کے اصحاب کی شان میں مانا گیا ہے۔ اس زیارت کے متن میں اس آیت کے استعمال کا بعض محققین نے یوں تجزیہ کیا ہے: زیارت غدیریہ کے گہرے مفاہیم میں سے ایک قرآن مجید کی آیات کا ولایت، امامت اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کے ساتھ تعلق ہے۔ اس زیارت میں، امام ہادی علیہ السلام واقعہ غدیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں: لَقَدْ أَنْزَلَ اللَّهُ تَعَالَى فِيكَ مِنْ قَبْلُ وَ هُمْ كَارِهُونَ:
یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا مَنْ یَرْتَدَّ مِنْکُمْ…؛ اے ایمان والو! تم میں سے جو کوئی اپنے دین سے پھر جائے...
زیارت کے اس حصے میں امام ہادی علیہ السلام نے سورہ مائدہ کی آیت 54 کا سہارا لیتے ہوئے امیرالمؤمنین کی شان میں چند نکات بیان کیے ہیں؛ جن میں سے درج ذیل ہیں:
- امیرالمؤمنین علیہ السلام اس گروہ کے سالار ہیں جن سے خدا محبت کرتا ہے اور وہ خدا سے محبت کرتے ہیں؛
- امیرالمؤمنین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب مومنین کے لیے نرم اور کافروں کے مقابلے میں سخت ہیں۔
- وہ خدا کی راہ میں جہاد کرتے ہیں اور ملامت کرنے والوں کی ملامت سے نہیں ڈرتے؛
- امیرالمؤمنین علیہ السلام، خدا اور رسول کے بعد، مومنین کے ولی ہیں؛
- امیرالمؤمنین کے پیروکار «حزب اللَّه» ہیں اور وہی فلاح پانے والے ہیں۔
امیرالمؤمنین علیہ السلام کی شان میں ان آیات کے نزول پر دوسروں کی ناگواری کا عالم یہ تھا کہ انہوں نے صدرِ اسلام کی جنگوں کو «جنگِ ردّہ» اور ان جنگوں کے فریقین کو «مرتدّین» کا نام دیا تاکہ اس آیت کے ابتدائی حصے کو اپنے بارے میں ثابت کر سکیں[2] انہوں نے آیتِ ولایت — جو امیرالمؤمنین علیہ السلام کی طرف سے حالتِ رکوع میں صدقہ دینے کے دوران نازل ہوئی — کو آپ کی شان میں ماننے سے انکار کرنے کی بھرپور کوشش کی، جب کہ تفسیری کتابیں ان کی اس رائے کے خلاف گواہی دیتی ہیں۔ انہوں نے «حزب اللَّه» کے لیے مختلف معنی پیش کیے؛ وہ معنی حزب اللَّه کے مصادیق میں سے ایک جزوی مصداق تو ہیں، لیکن کوئی بھی جامع اور مانع نہیں ہے۔ واحد جامع اور مانع معنی وہی ہے جسے امام ہادی علیہ السلام نے بیان فرمایا ہے۔[3]
حوالہ جات
مآخذ
- سخنرانی استثنائی غدیر؛ محمدباقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1386ش۔
- نصوص الردة فی تاریخ الطبری؛ محمدحسن آلیاسین، بیروت: منشورات دار مکتبة الحیاة، 1397ق۔
- نگاهی بر زیارت غدیریه: زیارت امیرالمؤمنین علیه السلام در روز عید غدیر به بیان امام هادی علیه السلام؛ محمدحسین صفاخواه و عبدالحسین طالعی، تہران: انتشارات سهاره، 1380ش۔
- واقعه قرآنی غدیر: گزارش سفر یکماهه پیامبر برای اعلان ولایت در سایه آیات قرآنی؛ محمدباقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1386ش۔
