سورہ توبہ آیت نمبر 61 اور غدیر
سورہ توبہ آیت نمبر 61 ایک ایسی آیت ہے جس کی تفسیر خطبہ غدیر میں بیان ہوئی ہے اور اس میں رسول خدا صلی اللہ علیہ و آله وسلم کا مذاق اڑانے والے ان افراد کے لیے دردناک عذاب کا وعدہ کیا گیا ہے جو آپ کو «اُذُن» (کان) کہا کرتے تھے۔
سورہ توبہ کی آیت 61 سے استناد کا پس منظر یوں بیان کیا گیا ہے: خطبے کے ایک حصے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے اپنے خلاف منافقوں کی مسلسل اذیت رسانیوں کا ذکر فرمایا: جن میں سے ایک یہ تھی کہ وہ آپ کے بارے میں طنزیہ اور تمسخرانہ جملے کستے تھے اور آپ کے حق میں لفظ «اُذُن» (کان) استعمال کرتے تھے۔ اس سے ان کی مراد یہ تھی کہ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم ایک دوسرے کی بات پر «سراپا گوش» ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی طرف متوجہ رہتے ہیں۔
منافقین کے اس رویے کی مذمت میں اللہ تعالیٰ نے سورہ توبہ کی آیت 61 نازل فرمائی، جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے غدیر کے دن تلاوت کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تفسیر بھی بیان کی: اولاً آپ نے اس آیت کے نزول کا پس منظر بیان کیا؛ ثانیاً یہ واضح کیا کہ اگر میں اور علی علیہ السلام آپس میں سرگوشی کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے پوشیدہ باتیں کرتے ہیں تو یہ اسرار منافقین کے بارے میں ہوتے ہیں۔ اس بات کو وہ بخوبی محسوس کرتے تھے اسی لیے اس طرح کا مذاق اڑاتے تھے۔ اسی جہت سے، یہ سرگوشیاں مومنین کے حق میں مفید ہیں اور اس آیت کے آخر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم کو ایذا دینے والوں کے لیے جہنم اور دردناک عذاب کی وعید سنائی گئی ہے۔
غدیر میں صریح طور پر تفسیر کی گئی ایک آیت
سورہ توبہ کی آیت 61 ان آیات میں شمار ہوتی ہے جن کی تفسیر غدیر میں صریح طور پر بیان ہوئی ہے۔ بعض محققین کے مطابق، غدیر کے موقع پر قرآن کریم کی 18 آیات کی صریح تفسیر کی گئی؛ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے آیت کا متن خطبے میں الگ سے بیان کیا اور اس سے پہلے یا بعد میں اس کی تفسیر فرمائی۔ یہ صورت ان آیات کے برعکس ہے جو آپ کے کلام میں بطور تضمین اور خطبے میں بطور اقتباس آئی ہیں۔[1]
انہی میں سے ایک آیت، سورہ توبہ کی آیت 61 ہے:
وَمِنْهُمُ الَّذِینَ یُؤْذُونَ النَّبِیَّ وَیَقُولُونَ هُوَ أُذُنٌ ۚ قُلْ أُذُنُ خَیْرٍ لَکُمْ یُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَیُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِینَ وَرَحْمَةً لِلَّذِینَ آمَنُوا مِنْکُمْ ۚ وَالَّذِینَ یُؤْذُونَ رَسُولَ اللَّهِ لَهُمْ عَذَابٌ أَلِیمٌ؛ بعض ایسے ہیں جو پیغمبر کو ایذا دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ (ہر بات پر) کان دھرنے والے ہیں، کہہ دو: وہ تمہارے حق میں بھلائی کے لیے کان دھرنے والے ہیں، وہ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور مومنین (کی بات) کا اعتبار کرتے ہیں اور جو لوگ تم میں سے ایمان لائے ہیں ان کے لیے رحمت ہیں، اور جو لوگ رسول اللہ کو ایذا دیتے ہیں ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔
۔
آیت سے استناد کا پس منظر
سورہ توبہ کی آیت 61 سے استناد کا پس منظر یوں بیان کیا گیا ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے خطبہ غدیر کے دوسرے حصے کے ایک موقع پر ولایت کی تبلیغ کے لیے نزولِ وحی خاص کا اعلان کیا۔ اسی ضمن میں آپ نے اپنے خلاف منافقوں کی پے در پے اذیت رسانیوں کا تذکرہ فرمایا: بشمول اس کے کہ انہوں نے آپ کی ذاتِ گرامی پر طنز کیا اور لفظ «اُذُن» (کان) آپ کے حق میں استعمال کیا۔ اس سے ان کا مقصد یہ تھا کہ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم ایک دوسرے کی بات پر «سراپا گوش» رہتے ہیں اور باہم متوجہ ہیں۔ اس کے بعد آپ نے سورہ توبہ کی آیت 61 تلاوت فرمائی جو منافقین میں سے اس کلمے کی نسبت دینے والوں کے حق میں نازل ہوئی تھی۔[2]
خطبے کے متن میں یہ آیت
بعض منابع کے مطابق خطبہ غدیر میں سورہ توبہ کی آیت 61 اس طرح نقل ہوئی ہے: وَ سَالْتُ جَبْرَئيلَ انْ يَسْتَعْفِىَ لِىَ السَّلامَ عَنْ تَبْليغِ ذلِكَ الَيْكُمْ ايُّهَا النّاسُ لِعِلْمى بِقِلَّةِ الْمُتَّقينَ وَ كَثْرَةِ الْمُنافِقينَ وَ ادْغالِ اللاّئِمينَ وَ حِيَلِ الْمُسْتَهْزِئينَ بِالاسْلامِ، الَّذينَ وَصَفَهُمُ اللَّه فى كِتابِهِ
بِانَّهُمْ یَقُولُونَ بِأَلْسِنَتِهِمْ ما لَیْسَ فِی قُلُوبِهِمْ
وَ يَحْسَبُونَهُ
هَیِّناً وَ هُوَ عِنْدَ اللَّه عَظِیمٌ
وَ كَثْرَةِ اذاهُمْ لى غَيْرَ مَرَّةٍ، حَتّى سَمُّونى اذُناً وَ زَعَمُوا انّى كَذلِكَ لِكَثْرَةِ مُلازَمَتِهِ ايّاىَ وَ اقْبالى عَلَيْهِ وَ هَواهُ وَ قَبُولِهِ مِنّى، حَتّى انْزَلَ اللَّه عَزَّ وَ جَلَّ فى ذلِكَ.
وَ مِنْهُمُ الَّذِینَ یُؤْذُونَ النَّبِیَّ وَ یَقُولُونَ هُوَ أُذُنٌ قُلْ أُذُنُ
عَلَى الَّذينَ يَزْعَمُونَ انَّهُ اذُنٌ
خَیْرٍ لَکُمْ یُؤْمِنُ بِاللَّه وَ یُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِینَ وَ رَحْمَةً لِلَّذِینَ آمَنُوا مِنْکُمْ وَ الَّذِینَ یُؤْذُونَ رَسُولَ اللَّه لَهُمْ عَذابٌ أَلِیمٌ
. وَ لَوْ شِئْتُ انْ اسَمِّىَ الْقائِلينَ بِذلِكَ بِاسْمائِهِمْ لَسَمَّيْتُ، وَ انْ اومِئَ الَيْهِمْ بِاعْيانِهِمْ لاَوْمَأْتُ، وَ انْ ادُلَّ عَلَيْهِمْ لَدَلَلْتُ، وَ لكِنّى وَ اللَّه فى امُورِهِمْ قَدْ تَكَرَّمْتُ؛ اور اسی وجہ سے کہ منافقین نے بارہا مجھے اذیت دی ہے یہاں تک کہ انہوں نے مجھے «اُذُن» (کان لگانے والا) نام دیا، اور گمان کیا کہ میں ایسا ہی ہوں کیونکہ وہ (حضرت امیر) میرے ساتھ بہت زیادہ رہتے ہیں اور میں ان کی طرف متوجہ رہتا ہوں اور ان کا میلان میری طرف ہے اور وہ مجھ سے قبول کرتے ہیں، یہاں تک کہ خداوند عزوجل نے اس سلسلے میں یہ نازل فرمایا: اور ان میں وہ لوگ ہیں جو پیغمبر کو اذیت دیتے ہیں اور کہتے ہیں: وہ تو ہر بات پر کان دھرنے والا ہے۔ کہہ دو: وہ اس شخص کے خلاف کان دھرنے والا ہے جو گمان کرتا ہے کہ وہ «اُذُن» ہے، اور وہ تمہارے حق میں بہتر ہے۔ وہ اللہ پر ایمان رکھتا ہے اور مومنین کی بات کا اعتبار کرتا ہے، اور تم میں سے جو لوگ ایمان لائے ہیں ان کے لیے رحمت ہے، اور جو لوگ رسول اللہ کو اذیت دیتے ہیں ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ اور اگر میں چاہوں کہ اس قسم کی بات کہنے والوں کے نام لے کر ان کا تعارف کراؤں تو نام لے سکتا ہوں، اور اگر ان کی طرف اشارہ کرنا چاہوں تو اشارہ کر سکتا ہوں، اور ان کا پتہ بتا دوں تو بتا سکتا ہوں، لیکن خدا کی قسم میں نے ان کے معاملات میں بزرگواری سے کام لیا ہے.[3]
آیت سے استناد کا تاریخی موقع
سورہ توبہ کی آیت 61 سے استناد کا تاریخی موقع یوں بیان کیا گیا ہے: خطبہ غدیر کے پہلے حصے کے اختتام پر جو کہ حمد و ثنائے الہی پر مشتمل تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے اپنے کلام کا دوسرا حصہ شروع کیا۔ آپ نے آیت تبلیغ اور آیت ولایت کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ منافقوں کی طرف سے آپ پر کیے جانے والے طنزیہ تمسخر کا حوالہ دیا اور سورہ توبہ کی آیت 61 تلاوت فرمائی جو منافقین میں سے اس کلمے کی نسبت دینے والوں کے حق میں نازل ہوئی تھی: مذکورہ آیت خطبے کے ابتدائی مراحل میں بیان کی گئی جبکہ نزولِ آیت تبلیغ کا اعلان ہو چکا تھا اور سب لوگ اس بات کے لیے تیار تھے کہ خطبے کا اصل مرحلہ آئے اور یہ واضح ہو جائے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم کس پیغام کی تبلیغ پر مامور ہیں۔
اگرچہ خطبے کے عمومی فضا ایک خاص نشاط اور سرور سے معمور تھی، لیکن بظاہر ایک موقع پر آپ کا چہرہ مبارک متغیر ہو جاتا ہے اور آپ اپنی گہری نگاہیں ان منافقین کے مجمع پر مرکوز کرتے ہیں جو کاروانِ غدیر میں موجود ہیں اور اسلامی معاشرے میں بھی موجود رہیں گے۔ وہ اتنے کینہ پرور اور فتنہ پروری کے لیے آمادہ تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم ان کے وجود کو پروگرامِ غدیر کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کرتے ہیں؛ یہاں تک کہ اگر اللہ تعالیٰ اپنے ارادہ سے انہیں نیست و نابود نہ کرتا تو ان کی موجودگی میں امیرالمؤمنین علیہ السلام کی ولایت کا اعلان ممکن نہ تھا۔ جب یہ خطاب نازل ہوا کہ:
وَ اللَّه یَعْصِمُکَ مِنَ النَّاسِ
تو سب پر یہ بات ثابت ہو گئی کہ منافقین کا خطرہ سنگین ہے اور اسی وجہ سے اللہ نے اپنے رسول کی حفاظت کی ضمانت لی ہے۔[4]
قرآنی محل وقوع
سورہ توبہ میں اس آیت کا محل وقوع یوں بیان کیا گیا ہے: سورہ توبہ میں آیت 37 سے منافقوں سے خطاب کا آغاز ہوتا ہے۔ ان آیات میں ان کی کارشکنیوں کے مختلف مناظر پیش کیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ سورت کے آخر تک جاری رہتا ہے۔ یہ سورہ ان سورتوں میں سے ہے جو خصوصی طور پر منافقین پر نظر رکھتی ہے اور ان کے اعمال کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ ان آیات کا مطالعہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ منافقین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم کو ایذا دینے میں کس حد تک قدم بڑھایا اور اسلام کے مقاصد کی سماجی بنیادوں کو تخریب کرنے کی کوشش کی۔[5]
آیت سے استدلال کا تاریخی تجزیہ
بعض محققین کا ماننا ہے کہ خطبے غدیر کے دوران منافقوں کے خطرے کی صریح نشان دہی کا یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ تاریخ کے مستقبل میں، جب خطبہ غدیر کا مطالعہ کرنے والے اس کا جائزہ لیں گے، تو وہ سقیفہ میں غدیر کو پسِ پشت ڈالے جانے کا آسانی سے تجزیہ کر لیں گے اور حقائق تک پہنچ جائیں گے۔ وہ جان لیں گے کہ منافقوں کے دل میں غدیر کے سلسلے میں کیا سودے سمائے ہوئے تھے اور انہوں نے کس طرح اس کی بنیادوں کو مضبوط کیا تاکہ اس کا منحوس پھل سقیفہ میں حاصل کر سکیں۔[6]
آیت کا عقیاتی تجزیہ
خطبہ غدیر میں سورہ توبہ کی آیت 61 سے استناد کے حوالے سے محققین نے دو اعتقادی تجزیے پیش کیے ہیں:
پہلا اعتقادی تجزیہ: منافقین کے بارے میں ایک آیت
یہ آیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آله وسلم کو اذیت دینے والے منافقوں کے نمایاں ترین نمونوں میں سے ایک کی عکاسی کرتی ہے، خطبہ غدیر میں آنحضرت نے اس سلسلے میں تفصیلی بیان فرمايا ہے۔ وہ لوگ جو امیرالمؤمنین علیہ السلام اور رسول اللہ کی دوطرفہ اور باہم خلوت کو دیکھتے تھے، انہوں نے اس حد تک جرأت کی کہ زبان سے گستاخی کی اور کنایتاً آپ کو «اُذُن» (کان) کا لقب دیا۔ ان کی مراد یہ تھی کہ پیغمبر سراپا کان ہیں اور جو بھی ان کے کان میں راز کی بات کہے، وہ مان لیتے ہیں۔ دراصل وہ اس کلمے کے ذریعے آپ کا مذاق اڑاتے تھے۔
خداوند نے منافقین کے اس رویے کی مذمت میں سورہ توبہ کی آیت 61 نازل کی، جسے پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے غدیر میں تلاوت کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تفسیر بھی بیان فرمائی: اولاً آپ نے آیت کے نزول کا پس منظر بیان کیا؛ ثانیاً یہ واضح کیا کہ اگر میں اور علی سرگوشی کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے کوئی پوشیدہ بات کہتے ہیں تو یہ راز منافقین کے بارے میں ہوتے ہیں۔ وہ اس بات کو اچھی طرح محسوس کر چکے تھے اسی لیے اس طرح کا مذاق اڑاتے تھے۔ اسی جہت سے، یہ سرگوشیاں مومنین کے حق میں ہیں اور اس آیت کے آخر میں پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم کو اذیت دینے والوں کو جہنم اور دردناک عذاب کی نوید دی گئی ہے۔
چونکہ «اُذُن» کا یہ ماجرا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں تھی، لہٰذا آنحضرت خطبہ غدیر میں انتشار سے بچتے ہوئے اشاروں کنایوں میں فرماتے ہیں: جن لوگوں نے مجھے مذاق کا نشانہ بنایا، میں انہیں نام سے جانتا ہوں اور ابھی اشارے سے ان سب کو آپ کو دکھا سکتا ہوں۔ یہ اس بات کی حکایت کرتا ہے کہ وہ منبر غدیر کے سامنے موجود تھے۔ اس کے بعد آپ نے فرمایا: لیکن موجودہ مصلحت کا تقاضا یہ ہے کہ میں ان کے ساتھ الجھوں نہیں بلکہ بزرگواری سے کام لوں۔ اس سلسلے میں امام کاظم علیہ السلام فرماتے ہیں: پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے منافقین کے ساتھ بزرگواری کا برتاؤ کیا، ان کے ظاہر کو قبول کیا اور ان کا باطن اللہ کے سپرد کر دیا۔[7]
دوسرا اعتقادی تجزیہ: غدیر میں منافقین کی دیگر گستاخیاں
غدیر میں موجود منافقوں کی ان گستاخیوں کے چند نمونے ذکر کرنا جو تاریخ میں صریحاً بیان ہوئے ہیں، اس نکتے کو واضح کر سکتا ہے کہ غدیر میں پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم کی توہین اپنی انتہا کو پہنچ گئی تھی اور معاملہ «اُذُن» کے مسئلے سے بھی آگے بڑھ گیا تھا اور گستاخی کرنے والے بھی بے نقاب ہو گئے تھے۔ وہ گستاخیاں جن کے بارے میں انہیں دردناک عذاب کا وعدہ دیا گیا ہے۔
منبر غدیر کی تیاری کے وقت
جب پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے درختوں کے سائے میں منبر غدیر تیار کرنے کا حکم دیا تو ایک منافق نے کہا: یہاں جو کہ ایک گھڑی سے زیادہ قیام نہیں ہوگا، کانٹے اکٹھے کرنے کا حکم کیوں دے رہا ہے! جان لو کہ آج کوئی اہم اور پریشان کن معاملہ پیش کرنے والے ہیں۔[8]
منبرِ غدیر کے سامنے
امام صادق علیہ السلام نے فرمایا: جب پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم نے روزِ غدیر امیرالمؤمنین علیہ السلام کا تعارف کروایا اور انہیں نصب فرمایا تو آنحضرت کے سامنے سات منافق افراد موجود تھے، جو یہ تھے: ابوبکر، عمر، عبدالرحمن بن عوف، سعد بن ابیوقاص، ابوعبیدہ جراح، سالم مولی ابیحذیفه، اور مغیرہ بن شعبہ۔ ان میں سے عمر نے کہا: کیا تم اسے نہیں دیکھتے کہ اس کی آنکھیں دیوانوں کی طرح گھوم رہی ہیں! اب کہتا ہے کہ میرے خدا نے ایسا کہا ہے۔[9] اور یوں انہوں نے پیغمبر کے پروگرام کا مذاق اڑایا۔
کلمہ «من کنت مولاه» کے وقت
جب امیرالمؤمنین علیہ السلام کو پیغمبر صلی اللہ علیہ و آله وسلم کے دستِ مبارک پر بلند کیا گیا اور پیغمبر نے فرمایا: «جس کا میں مولا ہوں، اس کے یہ علی مولا ہیں»، تو عمر نے کہا: ہرگز نہیں، خدا کی قسم! خدا نے اسے ایسا کوئی حکم نہیں دیا اور یہ اپنے پاس سے کہہ رہا ہے۔[10]
خطبہ غدیر کے بعد
معاویہ بن ابوسفیان نے روزِ غدیر -امیرالمؤمنین علیہ السلام کی نامزدگی کے بعد- شدتِ غضب سے اٹھ کر تکبر کے ساتھ چلنا شروع کیا۔ وہ غصے کی حالت میں مجلسِ غدیر سے باہر نکلے، اس طرح کہ ان کا داہنا ہاتھ ابوموسی اشعری کے کندھے پر اور بایاں ہاتھ مغیرة بن شعبه کے کندھے پر تھا اور وہ تکبر سے کہہ رہے تھے: «ہم محمد کی اس بات کی تصدیق نہیں کرتے اور نہ ہی علی کی ولایت کا اقرار کرتے ہیں۔»[11] نیز اسی وقت منافقین کی ایک اور جماعت نے کہا: محمد ہر گھڑی ہمیں کسی نئی بات کی طرف بلاتے ہیں۔ اب انہوں نے یہ نیا شگوفہ چھوڑا ہے کہ اپنے اہل بیت کو ہماری گردنوں پر سوار کر دیں۔[12]
بیعت کے بعد
غدیر میں بیعت کے بعد عمر بن خطاب نے کندھا اچکایا اور ابوبکر سے کہا: عجیب تماشہ ہے کہ اپنے چچیرے بھائی کے بازو تھام کر اوپر اٹھا رہا ہے!کل کلاں وہ خود کو اس کا حقدار سمجھے گا۔[13] اسی طرح بیعت کے بعد منافقین کے ایک گروہ نے آپس میں عہد و پیمان باندھا اور کہا: اگر محمد کو کچھ ہو گیا اور وہ دنیا سے رخصت ہو گئے تو ہم امرِ ولایت کو امیرالمؤمنین علیہ السلام سے دور کر دیں گے اور اسے ان کے پاس نہیں رہنے دیں گے۔[14]
نفاق کے خیمے میں گفتگو
زید بن ارقم جو واقعہ غدیر میں موجود تھے، ایک ماجرا یوں نقل کرتے ہیں: اس کے بعد کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے امیرالمؤمنین علیہ السلام کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: مَنْ كُنْتُ مَوْلاهُ فَعَلِىٌّ مَوْلاهُ، ہم اپنے سامان کی طرف لوٹے، جبکہ حذیفہ بن یمان بھی میرے ساتھ تھے۔ میرے خیمے کے پاس قریش کے تین افراد کا خیمہ تھا۔ ہم نے سنا کہ ان میں سے ایک شخص یہ کہہ رہا ہے: خدا کی قسم! محمد نادان ہیں، اگر وہ یہ سوچتے ہیں کہ ان کے بعد خلافت کا معاملہ علی کے حق میں نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔ دوسرے نے کہا: تم انہیں نادان سمجھتے ہو! کیا تم نہیں جانتے کہ وہ دیوانے ہیں اور قریب تھا کہ ابن ابی کبشہ کی بیوی کے پاس جنون کی وجہ سے بے ہوش ہو جائیں۔ تیسرے نے کہا: انہیں جانے دو! خواہ وہ احمق ہوں یا دیوانے! خدا کی قسم! جو کچھ وہ کہتے ہیں وہ ہرگز نہیں ہوگا۔ حذیفہ ان کی اس بات سے غضبناک ہوئے، انہوں نے ان کے خیمے کا پردہ اٹھایا اور اپنا سر خیمے کے اندر لے جا کر ان سے کہا: کیا ایسے عالم میں جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ زندہ ہیں اور خدا کی وحی نازل ہو رہی ہے، تم ایسی حرکت کرتے ہو؟ خدا کی قسم! صبح ہوتے ہی میں تمہاری یہ بات ان تک پہنچا دوں گا۔
انہوں نے کہا: اے حذیفہ! کیا تم یہیں تھے اور تم نے ہماری بات سن لی؟! جو تم نے سنا اسے ہم سے چھپاتا کہ حق ہمسایگی اور امانت داری کا تقاضا یہی ہے۔ حذیفہ نے کہا: نہ تو یہ معاملہ ہمسایے کی امانت داری کے حقوق میں سے ہے اور نہ ہی تمہاری یہ مجلس اس قسم کی ہے! اگر میں اس ماجرے کو ان سے چھپاؤں تو میں خدا اور اس کے رسول کا خیرخواہ نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا: اے حذیفہ! جو چاہو کرو۔ خدا کی قسم! ہم بھی ان کے سامنے اس بات کی قسم کھائیں گے کہ ہم نے ایسی کوئی بات نہیں کہی اور تم ہم پر جھوٹ الزام لگاتے ہو کیا تم یہ خیال کرتے ہیں کہ پیغمبر تمہاری بات مان لیں گے اور ہماری بات کو جھٹلا دیں گے، جبکہ ہم تین افراد ہیں۔ حذیفہ نے کہا: لیکن میرے لیے اس کی کوئی پروا نہیں ہے، جب میں خدا اور اس کے رسول کی خیرخواہی کا حق ادا کر دوں۔ لہٰذا جو چاہو کہو۔
پھر حذیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی خدمت میں حاضر ہوئے، جبکہ امیرالمؤمنین علیہ السلام تلوار حمائل کیے ہوئے آپ کے پاس موجود تھے۔ انہوں نے منافقین کی بات آپ تک پہنچائی۔ پیغمبر نے بھی ان کی طرف آدمی بھیجا اور وہ آ گئے۔ آپ نے پوچھا: تم لوگوں نے کیا کہا ہے؟ انہوں نے کہا: خدا کی قسم! ہم نے کچھ نہیں کہا۔ اگر ہمارے بارے میں کوئی خبر تم تک پہنچی ہے تو ہم پر بہتان باندھا گیا ہے۔ یہاں جبرئیل یہ آیت لے کر نازل ہوئے (سورہ توبہ کی آیت 74): «وہ قسم کھاتے ہیں کہ انہوں نے نہیں کہا، درحالیکہ انہوں نے اپنے اسلام کے بعد کفر کا کلمہ زبان پر لایا ہے»۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے یہاں فرمایا: جانے دو، وہ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں کہیں! خدا کی قسم! میرے سینے میں میرا دل دھڑک رہا ہے اور میری تلوار میرے کاندھے پر ہے۔ اگر انہوں نے کوئی بری نیت کی تو میں بھی ان کا مقابلہ کروں گا۔[15]
حوالہ جات
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص47.
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص79.
- ↑ الاحتجاج، ج1، ص59.
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص80.
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص80–81.
- ↑ غدیر در قرآن، ج 2، ص 81۔
- ↑ تأویل الآیات الظاهرة، ص39–40؛ البرهان، ج1، ص138؛ بحارالانوار، ج37، ص144؛ عوالم العلوم، ج2/15، ص156۔
- ↑ عوالم العلوم، ج2/15، ص51۔
- ↑ بحارالانوار، ج37، ص160؛ عوالم العلوم، ج2/15، ص134۔
- ↑ بحارالانوار، ج37، ص160۔
- ↑ تفسیر فرات الکوفی، ص516؛ بحارالانوار، ج37، ص193؛ عوالم العلوم، ج2/15، ص96–97؛ عوالم العلوم، ج2/15، ص125۔
- ↑ بحارالانوار، ج37، ص160۔
- ↑ بحارالانوار، ج37، ص138۔
- ↑ بحارالانوار، ج37، ص142۔
- ↑ تفسیر العیاشی، ج2، ص97–99، ح89؛ بحارالانوار، ج37، ص151–153، ح37؛ عوالم العلوم، ج2/15، ص52۔
مآخذ
- الاحتجاج؛ احمد بن علی طبرسی، تحقیق: محمدباقر موسوی خرسان، مشهد: نشر المرتضی، 1403ق۔
- بحارالانوار الجامعة لدرر اخبار الائمة الاطهار؛ محمدباقر بن محمدتقی مجلسی، بیروت: دار إحیاء التراث العربی، 1403ق۔
- البرهان فی تفسیر القرآن؛ هاشم بن سلیمان بحرانی، قم: مؤسسة البعثة (مرکز الطباعة و النشر)، 1415ق۔
- تأویل الآیات الظاهرة فی فضائل العترة الطاهرة؛ شرفالدین علی حسینی استرآبادی، تحقیق: حسین استادولی، قم:مؤسسة النشر الإسلامی، 1409ق۔
- تفسیر العیاشی؛ محمد بن مسعود عیاشی، تحقیق: سید هاشم رسولی محلاتی، تہران: مکتبة العلمیة الاسلامیة، 1380ق۔
- تفسیر فرات الکوفی؛ فرات بن ابراهیم کوفی، تحقیق: محمد الکاظم، تہران: وزارة الثقافة و الإرشاد الإسلامی (مؤسسة الطبع و النشر)، 1410ق۔
- عوالم العلوم و المعارف و الأحوال من الآیات و الأخبار و الأقوال؛ عبدالله بن نورالله بحرانی اصفهانی، تحقیق: محمدباقر موحد ابطحی اصفهانی، قم: مؤسسة الإمام المهدی علیہ السلام، 1382ش۔
- غدیر در قرآن، قرآن در غدیر؛ محمدباقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1387ش۔
