سورہ نساء آیت نمبر 47 اور غدیر
سورہ نساء آیت نمبر 47 وہ آیت ہے جس کی خطبہ غدیر میں تفسیر کی گئی ہے اور اصحاب صحیفہ کو اصحابِ سَبْت سے تشبیہ دی گئی ہے اور دونوں کو الہی لعنت کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔
سورہ نساء کی آیت 47 کی تفسیر کا تاریخی پس منظر خطبہ غدیر میں یوں بیان کیا گیا ہے: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آله نے خطبے کے ایک حصے میں اسلامی معاشرے میں منافقوں کی فعال موجودگی کے بارے میں خبردار کیا۔ اس مرحلے میں گفتگو کا آغاز اس آیت کے ذکر سے ہوا کہ خدا نے ایک گروہ کو اصحاب سبت (قوم بنی اسرائیل کے نافرمانوں) کے حیلہ بازوں سے تشبیہ دی ہے جنہوں نے مکاری اور دین کا سہارا لے کر الہی احکام کو پامال کیا۔
بعض محققین نے خطبہ غدیر میں سورہ نساء کی آیت 47 کے استعمال کا اعتقادی لحاظ سے یہ تجزیہ کیا ہے: خطبے کے اس حصے میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآله قسم اٹھاتے ہیں کہ اس آیت سے مراد اور وہ گروہ جو اصحاب سبت کی طرح ملعون قرار دیا گیا ہے، آپ کے اصحاب کا ایک گروہ یعنی صحیفہ ملعونه کے اصحاب ہیں۔
اہل سقیفہ اور اصحاب سبت کے درمیان شباہت کے بارے میں کہا گیا ہے: دونوں گروہوں نے دین کی آڑ میں بدعات کو الہی احکام کی جگہ دے دیائی۔ وہ تمام معاملات میں خدا کے حکم کی مخالفت کے باوجود خود کو دین کا محافظ ظاہر کرتے تھے۔
وہ آیت جس کی غدیر میں صریح تفسیر کی گئی ہے
سورہ نساء کی آیت 47 ان آیات میں سے ہے جن کی غدیر میں تفسیر کی گئی ہے۔ بعض محققین کے مطابق، غدیر میں قرآن مجید کی 18 آیات کی صریح تفسیر کی گئی ہے؛ اس کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آله نے آیت کا متن الگ سے خطبہ غدیر میں بیان کیا اور اس سے پہلے یا بعد میں اس کی تفسیر بیان فرمائی۔ یہ موارد ان آیات کے برعکس ہیں جو خطبے میں تضمین اور اقتباس کے طور پر آئی ہیں۔[1]
ان میں سے ایک آیت، سورہ نساء کی آیت 47 ہے:
یا أَیُّهَا الَّذِینَ أُوتُوا الْکِتابَ، آمِنُوا بِما نَزَّلْنا مُصَدِّقاً لِما مَعَکُمْ مِنْ قَبْلِ أَنْ نَطْمِسَ وُجُوهاً فَنَرُدَّها عَلی أَدْبارِها أَوْ نَلْعَنَهُمْ کَما لَعَنَّا أَصْحابَ السَّبْتِ؛ اے وہ لوگو جنہیں کتاب دی گئی ہے، اس کتاب پر ایمان لے آؤ جو ہم نے نازل کی ہے اور جو اس کتاب کی تصدیق کرتی ہے جو تمہارے پاس ہے؛ اس سے پہلے کہ ہم چہروں کے نقش و نگار مٹا دیں اور چہروں کو ان کی پشت کی طرف پلٹ دیں، یا ان پر لعنت کریں جس طرح ہم نے اصحاب سبت پر لعنت کی تھی۔ اور خدا کا حکم ہو کر رہنے والا ہے
.[2]
خطبے کے متن میں آیت
خطبہ غدیر کے متن میں سورہ نساء کی آیت 47 اس طرح نقل ہوئی ہے: مَعاشِرَ النّاسِ، «آمِنُوا بِاللَّه وَ رَسُولِهِ و النور الذى انزل معه مِنْ قَبْلِ أَنْ نَطْمِسَ وُجُوهاً فَنَرُدَّها عَلى أَدْبارِها أَوْ نَلْعَنَهُمْ كَما لَعَنَّا أَصْحابَ السَّبْتِ». بِاللَّه ما عَنى بِهذِهِ الْآيَةِ الاّ قَوْماً مِنْ اصْحابى اعْرِفُهُمْ بِاسْمائِهِمْ وَ انْسابِهِمْ، وَ قَدْ امِرْتُ بِالصَّفْحِ عَنْهُمْ؛ اے لوگو! ایمان لاؤ اللہ اور اس کے رسول پر اور اس نور پر جو اس کے ساتھ نازل کیا گیا ہے، اس سے پہلے کہ ہم چہروں کو بگاڑ دیں اور انہیں ان کی پشت کی طرف پھیر دیں یا ان پر ایسے لعنت کریں جیسے ہم نے اصحاب سبت پر لعنت کی تھی۔ خدا کی قسم، اس آیت سے سوائے میرے اصحاب میں سے ایک قوم کے اور کسی کا ارادہ نہیں کیا گیا جنہیں میں ان کے نام اور نسب سے جانتا ہوں، لیکن مجھے ان سے چشم پوشی کا حکم دیا گیا ہے.[3]
آیت کی تفسیر کا تاریخی پس منظر
خطبہ غدیر میں سورہ نساء کی آیت 47 کی تفسیر کا تاریخی پس منظر یوں بیان کیا گیا ہے: خطبہ غدیر کے اصل مرحلے میں، یعنی علی علیہ السلام اور ان کے دوستوں اور دشمنوں کے تعارف کے بعد، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آله نے اسلامی معاشرے میں منافقوں کی فعال موجودگی کے بارے میں خبردار کیا۔ اس مرحلے میں گفتگو کا آغاز سورہ نساء کی آیت 47 کے ذکر سے ہوا جس میں خدا نے ایک گروہ کو اصحاب سَبْت (قوم بنی اسرائیل کے نافرمانوں) کے حیلہ بازوں سے تشبیہ دی ہے جنہوں نے مکاری اور دین کا سہارا لے کر الہی احکام کو پامال کیا۔[4]
آیت کا قرآنی پس منظر
سورہ نساء کی آیت 47 کے قرآنی پس منظر کے بارے میں، اصحاب سبت کے قصے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، کہا گیا ہے: اصحاب سبت ایک ایسی قوم تھی جن کا پیشہ مچھلی کا شکار کرنا تھا اور وہ سمندر کے کنارے آباد تھے۔ خدا نے انہیں حکم دیا کہ ہفتے کے دن مچھلی کا شکار بند رکھیں اور سورہ نساء کی آیت 154 کے مطابق اس بارے میں ان سے پختہ عہد لیا گیا تھا۔ ہفتے کے دن جن کی وہ چھٹی کرتے تھے، مچھلیاں پانی پر ظاہر ہوتی تھیں اور مچھلی کا شکار کرنے والوں کی طمع کو ابھارتی تھیں، لیکن ہفتے کے علاوہ دوسرے دنوں میں مچھلیاں نہیں آتی تھیں اور یہ ایک الہی امتحان تھا۔
وہ لوگ اس غرض سے کہ ہفتے کے دن مچھلیاں ہاتھ سے نہ جائیں اور ساتھ ہی -اپنے خیال میں- الہی حکم کی مخالفت بھی نہ کی ہو، سمندر کے کنارے حوض نما گڑھے بناتے تاکہ لہریں مچھلیوں کو ان حوضوں میں پھینک دیں اور وہ وہاں پھنس جائیں۔ یہ کام ہفتے کے دن صیادوں کی موجودگی کے بغیر انجام پاتا تھا اور صیاد اتوار کے دن آ کر انہیں پکڑ لیتے تھے۔ وہ دعویٰ کرتے تھے کہ ہم نے خدا کے حکم کی مخالفت نہیں کی ہے اور ہفتے کے دن مچھلی کا شکار نہیں کیا ہے۔[5] قرآنی آیات کے مطابق، اس قوم میں کسی کی بھی نصیحت اثر نہیں کرتی تھی۔ کچھ لوگ کہتے تھے: تم ایسی قوم کو کیوں نصیحت کرتے ہو جو عذاب کے مستحق ہیں؟ جواب میں کہتے تھے: تاکہ ہم خدا کے نزدیک معذور رہیں اور اس امید پر کہ شاید وہ اپنے کام سے باز آ جائیں۔[6] اصحاب سبت کا انجام لعنت اور خدا کی رحمت سے دوری تھا، یہاں تک کہ خدا نے انہیں مسخ کر کے انسانیت سے خارج کر دیا۔[7]
آیت کا اعتقادی تجزیہ
بعض محققین نے خطبہ غدیر میں سورہ نساء کی آیت 47 کے استعمال کا اعتقادی اعتبار سے کچھ یوں تجزیہ کیا ہے: خطبہ کے اس حصے میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآله وسلم قسم اٹھاتے ہیں کہ اس آیت سے مراد اور وہ گروہ جو اصحاب سبت کی طرح ملعون ہوا ہے، آپ کے اصحاب میں سے ایک گروہ ہے؛ اگلی فقروں میں صراحت فرماتے ہیں کہ وہ صحیفہ ملعونہ کے اصحاب ہیں۔[8]
اہل سقیفہ اور اصحاب سبت کے درمیان مشابہت کے بارے میں کہا گیا ہے: دونوں گروہوں نے دین کی آڑ میں الہی احکام کی جگہ بدعتوں کو رواج دیا۔ وہ تمام معاملات میں حکمِ خدا کے مقابلے میں کھڑے ہونے کے باوجود خود کو دین کا محافظ ظاہر کرتے تھے۔ اگر وہ مچھلی پکڑنے اور دنیا کا مال حاصل کرنے کے لیے حیلے بہانے کرتے تھے، تو اہل سقیفہ علی بن ابی طالب علیہ السلام اور ان کے خاندان کا نام مٹانے اور لوگوں کو جاہلیت کی طرف پلٹانے کے لیے حیلہ سازی کرتے تھے۔ اگر ان پر لعنت اور الہی رحمت سے دوری مسخ ہو جانے پر ختم ہوئی، تو اہل سقیفہ اس سزا کے مستحق ہیں جس کا اثر برزخ اور قیامت میں ظاہر ہوگا۔
امام سجاد علیه السلام اس بارے میں فرماتے ہیں: اللہ تعالی نے اصحاب سبت کو مچھلی کا شکار کرنے کی وجہ سے مسخ کر دیا۔ عزوجل کے نزدیک ان لوگوں کا حال کیونکر دیکھتے ہو جنہوں نے انبیاء کی اولاد کو قتل کیا اور ان کے احترام کو پامال کیا؟ اگرچہ خدائے تعالی نے دنیا میں انہیں مسخ نہیں کیا، لیکن آخرت کا جو عذاب ان کے لیے تیار کر رکھا ہے وہ مسخ کے عذاب سے کئی گنا زیادہ ہے۔[9]
برزخ میں خلافت کے غصب کرنے والوں کا عذاب
عالمِ برزخ میں اصحاب سقیفہ کی حالت کا ایک نمونہ امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے کلام میں ملتا ہے جہاں آپ نے حارث ہمدانی سے فرمایا: جو کچھ میں دیکھ رہا ہوں کیا تم بھی دیکھتے ہو؟ انہوں نے عرض کیا: میں وہ کچھ کیسے دیکھ سکتا ہوں جو آپ دیکھتے ہیں، درآنحالیکہ اللہ نے آپ کو نورانیت عطا کی ہے اور ایسا مقام بخشا ہے جو کسی کو نہیں دیا۔ آپ نے فرمایا: یہ ابوبکر ہیں جو آگ کے ایک گڑھے پر کھڑے ہیں اور التماس کر رہے ہیں کہ اے ابالحسن، مجھے معاف کر دیں، لیکن خدا انہیں معاف نہیں کرتا۔ دوسری بار امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے فرمایا: یہ دوسرے عمر بن خطاب ہیں جو آگ کے ایک شگاف پر کھڑے ہیں اور کہتے ہیں: اے ابالحسن مجھے معاف کر دیں، لیکن خدا انہیں معاف نہیں کرتا۔[10]
قیامت میں خلافت کے غصب کرنے والوں کا عذاب
خلافت کے غصب کرنے والوں کے عذابِ آخرت کا ایک نمونہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآله وسلم کی اس حدیث میں آیا ہے جس میں آپ نے فرمایا: جہنم میں آگ کا ایک تابوت ہے جس میں بارہ افراد ہیں: چھ پہلے لوگوں میں سے اور چھ آخری لوگوں میں سے۔ یہ تابوت جہنم کی گہرائی میں ایک کنویں کے اندر ہے اور اس تابوت کے دروازے پر قفل لگا ہے اور اس کنویں کے منہ پر ایک چٹان ہے۔ جب بھی اللہ تعالی جہنم کو بھڑکانا چاہتا ہے تو اس کنویں کے منہ سے اس چٹان کو ہٹا دیتا ہے اور جہنم اس کنویں کے شعلوں اور حرارت سے بھڑک اٹھتی ہے۔ پہلے لوگوں میں سے چھ افراد یہ ہیں: قابیل ابن آدم جس نے اپنے بھائی کو قتل کیا، اور فرعونوں کا سب بڑا فرعون، اور وہ شخص جس نے توحید کے معاملے میں حضرت ابراہیم علیہ السلام سے جھگڑا کیا، اور بنی اسرائیل کے دو افراد جنہوں نے ان کی آسمانی کتاب میں تحریف کی اور ان کی سنتوں کو بدلا جن میں سے ایک نے یہودیوں اور دوسرے نے عیسائیوں کو گمراہ کیا، اور ان میں چھٹا ابلیس ہے۔ اور رہے آخری لوگوں میں سے چھ افراد تو ان میں سے ایک دجال ہے اور باقی پانچ افراد ان صحیفے کے اصحاب ہیں جنہوں نے حجة الوداع میں اور غدیر کے قریب پیغمبر اور امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے خلاف ایک عہد نامے پر دستخط کیے اور سقیفه میں جمع ہوئے۔ وہ یہ ہیں: ابابکر، عمر، ابوعبیدہ جراح، معاذ بن جبل اور سالم مولی ابی حذیفہ۔[11]
حوالہ جات
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص47.
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص69.
- ↑ اسرار غدیر، ص147، بخش6.
- ↑ غدیر در قرآن، ج2، ص69.
- ↑ بحارالانوار، ج14، ص56، ح13.
- ↑ سورہ اعراف، آیت 163.
- ↑ سورہ بقرہ، آیت 65.
- ↑ اسرار غدیر، ص149، بخش6۔
- ↑ بحار الانوار، ج14، ص58–59۔
- ↑ بحار الانوار، ج30، ص195۔
- ↑ کتاب سلیم بن قیس الہلالی، ص48–149؛ کتاب سلیم بن قیس الہلالی، ص174۔
مآخذ
- اسرار غدیر؛ محمد باقر انصاری، تہران: نشر تک، 1384ش۔
- بحار الانوار الجامعة لدرر اخبار الأئمة الأطهار؛ محمد باقر بن محمد تقی مجلسی، بیروت: دار إحیاء التراث العربی، 1403ق۔
- غدیر در قرآن، قرآن در غدیر؛ محمد باقر انصاری، قم: انتشارات دلیل ما، 1387ش۔
- کتاب سلیم بن قیس الہلالی؛ سلیم بن قیس ہلالی، تحقیق: علاء الدین موسوی، تہران: مؤسسۃ البعثۃ (قسم الدراسات الإسلامیۃ)، 1407ق۔
